|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2018

سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک – صفر کی برتری حاصل کرلی۔

میزبان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کو با آسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہاشم آملہ 63 اور باوما نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ اوپنر ایلگر نے 50 رنز بنائے، مارکرم صفر، بریون 10 اور ڈوپلیسی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی، شاہین آفریدی، یاسر شاہ اور شان مسعود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

اس سے قبل پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی قومی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی تھی اور پاکستان کی پوری ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، امام الحق 57 اور شان مسعود 65 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھاسکا، فخر زمان 12 ، اظہر علی صفر، اسد شفیق 6، بابر اعظم 6 اور کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے چلتے بنے۔

سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن بھی انتہائی دلچسپ رہا جہاں دونوں ٹیمیوں کی بیٹنگ لائن مزاحمت کرتی دکھائی دی اور دوسرے دن کی طرح یہ دن بھی بولرز کے نام رہا، پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور قومی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ پہلے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا کی بھی آدھی ٹیم 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق صفر، فخرزمان 12، شان مسعود 19 ، اسد شفیق 7 ،اظہرعلی 36، کپتان سرفراز احمد صفر، حسن علی 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔