|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2018

حیدرآباد: مقامی فوڈ سینٹر میں مبینہ طور پرزہریلے چپس کھانے سے چار سالہ ہمایوں جاں بحق جب کہ بہن علیزہ کی حالت تشویشناک ہے۔ 

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے فوڈ سینٹر سے بچوں کے لیے چپس کھانے پینے کی اشیاء خریدی گئیں، چپس کھاتے ہی بچوں کی حالت غیر ہونے پر بچوں کو اسپتال لے جایا گیا۔

چار سالہ ہمایوں محمد عمر نے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ بہن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ آئی جی سندھ کے نوٹس لینے پر حیدرآباد پولیس حرکت میں آئی اور 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

کینٹ اور بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے فوڈ انسپکٹرز نے فوڈ سینٹر میں تیار ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے حاصل کرکے ریسٹورینٹ کو سیل کردیا ہے۔ مزید تحقیقات کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کو بھی حیدرآباد طلب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مبینہ طورپر زہریلی چپس کھانے سے بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔