|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2019

 لاہور: وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی کو مہمند ڈیم کا ٹھیکہ دینے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی ہے، جس کے متن میں کہا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی کو دے کر میرٹ کی دھجیاں اڑادی ہیں۔ حکومتی مشیر کو ڈیم کی تعمیر کے لئے 309 ارب روپے کا ٹھیکہ ملنا تشویش ناک ہے۔

متن میں کہا گیا کہ مخصوص کمپنی کو ٹھیکہ نوازنے کے لئے دوسری کمپنیوں کی پیشکش کو مسترد کیا گیا۔ کیا دوسری کمپنیوں کی ڈس کوالی فکیشن کے بعد دوبارہ بولی ضروری نہیں تھی ؟۔ صرف ایک بولی کے بعد ہی مخصوص کمپنی کو ٹھیکہ دینا قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ منسوخ کیا جائے اوروزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کو اس کی وضاحت دینی چاہیے۔