|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں ایگل فورس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں قمبرانی روڈ پر کلی لاشارآباد کے مقام پر پولیس کی ایگل فورس کے اہلکاروں نے ناکہ لگا رکھا تھا۔ 

اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم مشتبہ افراد نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ ایگل فورس کے اہلکاروں نے تعاقب کرکے ملزمان پر فائرنگ کی اور انہیں زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کو کمر میں ایک ایک گولی لگی ہے اور انہیں پولیس کی تحویل میں سول ہسپتا ل کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ 

ملزمان کی شناخت کوئٹہ کے علاقے سریاب مل کے رہائشی 23 سالہ عابد ولد عبدالرحیم اور کوئٹہ کے علاقے کلی رئیسانی کے رہائشی 25 سالہ ثناء اللہ ولد محمد گل کے نام سے ہوئی۔ ان سے ایک پستول اور دو میگزین بھی برآمد ہوئے ہیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزم عابد پہلے بھی چوری و ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے جبکہ ملزم ثناء اللہ کے ایک بھائی کے خلاف چوری و ڈکیتی کے کئی مقدمات درج ہیں۔ 

وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بروقت کارروائی پر ایگل فورس کے اہلکاروں کو سراہا ہیاور کہا ہے کہ پولیس جوانوں نے ثابت کیا کہ وہ مستعد ہیں۔