اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال راولپنڈی اور ہولی فیملی اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔
عمران خان نے اسپتال میں مریضوں کے لیے سہولیات کے فقدان پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہولی فیملی کے وارڈ میں ایک بستر پر دو مریضوں کو دیکھ کر برہم ہوگئے۔
مریضوں کے لواحقین نے وزیراعظم کو طبی سہولیات میسر نہ ہونے سے متعلق شکایات کیں۔ تیمار داروں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں نہ ادویات ملتی ہیں اور نہ ہی ٹیسٹ ہوتے ہیں، مریضوں کو ٹیسٹ کیلئے باہر لے جانا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے اسپتال انتظامیہ کو سہولیات میں بہتری لانے کی ہدایات کی۔
وزیراعظم اسپتالوں کے دورے کے بعد راولپنڈی کے فوارہ چوک کے قریب قائم کردہ “پناہ گاہ” پہنچے اور بے گھر افراد کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ معاون خصوصی افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر صحت عامر کیانی اور انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نہایت سرد موسم میں خلق خدا کیلئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے، محروم انسانوں کی نگہداشت معاشرے کی ذمہ داری ہے، شہریوں کا اپنی مدد آپ کے تحت انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھنا نہایت حوصلہ افزا ہے۔