|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2019

 اسلام آباد: تحریک استقلال کے سربراہ اصغر خان مرحوم کے لوحقین نے ایف آئی اے کی جانب سے اصغر خان کیس کی انکوائری ختم کرنے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ کیس بند نہیں ہونا چاہیے۔

اصغر خان مرحوم کے لواحقین نے سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ میں مشترکہ جواب جمع کرایا ہے جس میں انہوں نے عملدرآمد کیس بند کرنے کی مخالفت کی ہے۔

درخواست میں اصغرخان کیس کومنطقی انجام تک پہنچائے بغیر کیس بند نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سابق فوجی افسران نے اپنا جرم عدالت میں تسلیم کیا، ان کے خلاف ٹرائل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، ایف آئی اے نے سیاستدانوں کے ملوث ہونے کا معاملہ بند کرنے کی سفارش کی ہے جب کہ رقوم کی تقسیم میں ملوث سیاستدانوں اورفوجی افسران کو بے نقاب ہونا چاہیے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اصغرخان نے جمہوری نظام کوغیرقانونی مداخلت سے پاک کرنے کی جہدوجہد کی لیکن اصغر خان کی جہدوجہد پایہ تکمیل تک نہیں پہنچی۔ سیاسی شخصیات اورفوجی شخصیات نے آئین اورقانون کی خلاف ورزی کی، نشاندہی کے بغیر یہ شخصیات جمہوری نظام کیلئے خطرہ رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے اصغرخان عمل درآمد کیس کی فائل بند کرنے کی سفارش کی تھی۔