کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چینی قونصل خانے پر حملے کے 5 ملزمان کو 17 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چینی قونصل خانے پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو گلشن معمار پولیس نے پانچ سہولت کاروں کو پیش کیا۔ ملزمان میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبدالطیف اور اسلم شامل ہیں جنہیں دھماکہ خیز مواد رکھنے اور اسلحہ ایکٹ کے مقدمے میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے ریلوے کے ذریعے اسلحہ کراچی لایا گیا اور بلدیہ کے علاقے میں ایک مکان میں چھپایا گیا، حملے کے سہولت کار اور دہشتگرد پریڈی اور لیاری کے علاقوں میں رہتے رہے، دہشت گردی میں استعمال گاڑی آن لائن سروس کے ذریعے مختلف ہاتھوں میں فروخت ہوتی رہی، گرفتار ملزمان نے ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی اور جرم کا اعتراف کیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور آر پی جی راکٹ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر نصرت شیخ کو حکم دیا کہ ملزمان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے۔