کراچی: سابق امریکی سفیر برائے پاکستان کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے ملنے والے تعلیمی فنڈز کا درست استعمال نہیں کیا اور اسے امریکی فنڈز ایمانداری سے استعمال کرنے چاہئیں۔
کراچی میں کونسل آن فارن ریلیشنز میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط رہیں، اسی لیے ہمیشہ پاکستان کیساتھ تعاون کیا اور تعلیم کے فروغ کے لیے کافی سرمایہ کاری کررہا ہے، تاہم دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔
سابق امریکی سفیر نے کہا کہ پرویز مشرف دور میں پاکستان نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پیسے لیے، امریکا نے بلوچستان میں تعلیم کے لیے کافی پیسہ دیا ہے، سندھ کو بھی تعلیم کی مد میں کافی فنڈز دیے گئے لیکن سارا پیسہ درست انداز میں استعمال نہیں ہوا، پاکستان نے کئی مواقعوں پر اپنا اعتماد کھویا، اس کی زیادہ توجہ ترقیاتی کاموں کی جانب ہوتی ہے، لیکن اب وقت ہے کہ وہ گڈ گورننس (اچھی حکمرانی) پر کام کرے، اسے ایماندارانہ طور پر امریکہ کی جانب سے دیے جانے والے فنڈز خرچ کرنے چاہئیں۔
کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ اب لڑائی جھگڑے سے معاملات حل نہیں ہوں گے، اسی لیے وہ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی مد میں کام کررہا ہے، بھارت، روس، اور چین کے ساتھ بھی گفت و شنید میں مصروف ہے، بھارت اور پاکستان کے ساتھ ہمیں معاملات اچھے رکھنے پڑتے ہیں، کراچی اور ممبئی ہمارے لیے معاشی حب ہیں۔