اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی کے حوالے سے گوادر کے عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے گا گوادر منصوبہ پاکستان کی ترقی کا زینہ ہے اس کے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور ناممکن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ گوادر سے منتخب ہونے والے آزاد رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی سے ایوان صدر میں ملاقات کے موقع پر کیا واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر گزشتہ دنوں گوادر میں سعودی وفد کی آمد پر علاقے سے منتخب اراکین کو نظرانداز کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی جس کے بعد صدر مملکت نے گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ محکمہ پلاننگ ڈویلپمنٹ سمیست گوادر کی ترقی اور وہاں پر ماسٹر پلان کے حوالے سے جو بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
اس میں علاقہ کے منتخب اراکین کو اعتماد میں ضرور لیا جائے گا اس حوالے سے انہوں نے محکمہ پلاننگ ڈویلپمنٹ سمیت تمام متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں کہ آئندہ جو بھی اس حوالے سے سرگرمیاں ہوں اس میں منتخب اراکین کو ضرور اعتماد میں لیا جائے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے اس موقع پر صدر مملکت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے گوادر شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے انہیں مکمل طورپر یقین دہانی کرائی ۔
گوادر کی ترقی کے حوالے سے بلوچستان کے نمائندوں کو اعتمادمیں لینگے، عارف علوی
وقتِ اشاعت : January 16 – 2019