|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2019

کوئٹہ :  پاکستان میں متعین برازیل کے سفیر کلوڈیولینس(Claudio Line)نے کہا ہے کہ برازیل سی پیک کو کامیاب ہوتا دیکھنا چاہتاہے اسے جہاں پاکستان کے دوسرے ممالک سے تجارتی روابط مضبوط ہوں گے وہی برازیل کے ساتھ اس کا تجارتی حجم بڑھے گا،پاکستانی دستکاریوں، کھیل کے سامان، قالین، فریش وڈرائی فروٹ اور دیگر کا کوئی ثانی نہیں تاہم پاکستانی صنعتکاروں اور تجارت سے وابستہ افراد کو اس وقت ان کے محنت کا صحیح پھل ملے گا ۔

جب وہ خود اپنی بنائی ہوئی مصنوعات برازیل کی منڈیوں تک پہنچائیں گے ،اس وقت پاکستان دنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے جبکہ برازیل کو نئی منڈیوں کی تلاش ہیں۔تجارتی تعلقات میں بہتری تب ممکن ہے جب دونوں ممالک کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے وفود ایک دوسرے سے ملیں گے امید ہے آئندہ چند ماہ میں برازیل آنے والے ٹریڈ مشن میں بلوچستان کے صنعت و تجارت سے منسلک لوگ بھی برازیل آئیں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے دورے کے موقع پر چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور ممبران کے ساتھ بات چیت اور بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جمعہ خان بادیزئی، سینئرنائب صدر صلاح الدین خلجی، نائب صدریاسین رئیسانی و دیگر برازیلین سفیر کا استقبال کیا اور انہیں بتایاکہ بلوچستان نہ صرف قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے بلکہ اس کی فریش ،ڈرائی فروٹ ،سیاحتی مقامات ،دستکاریاں ودیگر بھی بے نظیر ہیں۔

بلوچستان میں توانائی سمیت مختلف شعبہ جات میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع تر مواقع بھی موجود ہیں ہم چاہتے ہیں کہ برازیل کی صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے ساتھ ہمارے رابطے بحال ہوں بلکہ ہم انہیں براہ راست یہاں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں اور برازیل میں موجود تجارتی مواقعوں سے آگاہ کرکے فائدہ اٹھاناچاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے پاکستانی صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے برازیل کے سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط ہونگے کیونکہ برازیل بھی چائنا کے ساتھ گہرے تجارتی وسفارتی تعلقات رکھتاہے جب کہ سی پیک پاکستان اور چائنا کا مشترکہ میگا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف دونوں ممالک دنیا بھر کے منڈیوں تک اپنی تیار کردہ مصنوعات پہنچاسکتے ہیں بلکہ اس سے خطے اور دنیا کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوسکتے ہیں ۔

اسی لئے اس منصوبے کو گیم چینجر منصوبہ کہاجاتاہے ،ہمیں امید ہے کہ برازیل کیلئے تجارتی ویزوں اور دیگر میں ہمارے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی ۔ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کومزید فروغ دیکر تجارتی حجم کو بڑھایاجاسکے ۔

اس موقع پر پاکستان میں متعین برازیل کے سفیر کلوڈیولینس(Claudio Line)کاکہناتھاکہ وہ پہلی مرتبہ بلوچستان آئے ہیں انہیں یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی نے بہت زیادہ متاثر کیاہے وہ چیمبرآف کامرس کی جانب سے بھی استقبال اور مہمان نوازی پر شکر گزار ہے پاکستان اور برازیل دونوں میں نئی حکومتیں قائم ہوئی ہیں پاکستان کی نئی حکومت دنیا کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتی ہے جبکہ برازیل کو نئی تجارتی منڈیوں کی تلاش ہے