|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2019

اسلام آباد : پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت جائنٹ وینچرز وپاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے اور گوادر ائر پورٹ و دیگر سماجی منصوبوں کی تین ماہ میں سنگ بنیاد رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہاہے کہ 8ویں جے سی سی کے موقع پر دستخط ہونے والے مفاہمتی یاداشت سے سی پیک صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔ 

منگل کو چینی سفیر یاؤجنگ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات و سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر چینی سفیر نے 8 ویں سی پیک جے سی سی کی کامیاب انعقاد پر خراج تحسین کرتے ہوئے کہاکہ جے سی سی کے توسط سے اہداف کا حصول و سی پیک کو وسعت دینے کا عمل ممکن ہوا ہے۔

ملاقات کے دوران سی پیک کے تحت جائنٹ وینچرز وپاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ سال 2019 صنعتی، سماجی و معاشی اور زرعی تعاون کا سال قراردیا گیا ۔ 

وفاقی وزیر نے کہاکہ 8ویں جے سی سی کے موقع پر دستخط ہونے والے مفاہمتی یاداشت سے سی پیک صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ٹیکسٹائل، پیٹرو کیمیکلز و آئرن اینڈ سٹیل کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کیلئے پالیسی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ سماجی و معاشی شعبے میں تعاون کا اجراء جے سی سی کی اہم کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سماجی شعبے کے منصوبوں سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کا عمل شروع ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت، تعلیم، صحت، غربت کے خاتمے، آبنوشی و فنی تربیت کے منصوبے جلد از جلد عملی بنائے جارہے ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی تعاون جائنٹ ورکنگ گروپ کا قیام سی پیک کو زرعی شعبے تک وسعت دے گا۔ 

وفاقی وزیر نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کیلئے زراعت و فوڈ پروڈکشن، پروسسنگ، لاجسٹک و مارکیٹنگ میں وسیع مواقعوں سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں جائنٹ وینچرز اور بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جارہا ہے۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہاکہ ملاقات میں گوادر ائر پورٹ و دیگر سماجی منصوبوں کی تین ماہ میں سنگ بنیاد رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔ چینی سفیر نے کہاکہ سرمایہ کاروں کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہے۔چینی سفیر نے کہاکہ بڑی تعداد میں چینی سرمایہ کار جلد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس سے دو طرفہ معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔