لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور اور داماد کیپٹن صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست پر جلد سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد، ان کی صاحبزادی اور داماد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے درخواست پر جلد سماعت کے سلسلے میں ایک متفرق درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے، وکیل عامر ظہیر نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجوہات پر مبنی میمورنڈم کو درخواست کا حصہ بنایا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی اور داماد کا نام ای سی ایل نام میں شامل کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، درخواست گزار کے مطابق کسی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنا خلاف قانون ہے لہذا ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر جلد سماعت کی جائے۔