کوئٹہ +کراچی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بیلہ میں پیش آنیوالے المناک سانحہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے جاری تعزیتی پیغام میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ ملک میں عوامی مفادات سے زیادہ ایک خاص طبقہ کو ذاتی مفادات عزیز ہیں بار بار ایسے دلخراش حادثات رونما ہونے کے باوجود ہم کوئی سبق حاصل نہیں کر پاتے ۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں احساس ذمہ داری کا فقدان ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز رونماء ہونے والے حادثہ میں بروقت امدادی سرگرمیاں شروع نہیں ہوپائیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا واقعہ کے مرتکب اور لاپرواہی برتنے والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے ۔ عدالتی کمیشن ہولناک حادثے کی وجوہات سامنے لانے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو شامل تفتیش کرے ۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن ضلع میں ایمبولینس سروس، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سمیت ریسکیو کی سہولیات کی عدم موجودگی کا بھی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے متعلقہ ذمہ داروں کو اقدامات اٹھانے کا پابند بنائے ۔
نوابزادہ لشکری رئیسانی نے حادثے میں جا ں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کراچی پریس کلب کے سینئر نائب صدر سعید سربازی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اوررنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ پاک مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔
بیلہ حادثہ غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے ،لشکری رئیسانی
وقتِ اشاعت : January 24 – 2019