کوئٹہ: صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے پیٹرول اور ڈیزل کی ٹرانسپورٹیشن انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے جسکی کسی بھی طور اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسکی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بس، ویگن مالکان کا بھی فرض ہے کہ وہ مسافروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے کسی بھی انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو۔
انہوں نے مسافروں سے بھی کہا ہے کہ وہ ایسی گاڑیوں میں سفر کرنے سے اجتناب کریں ۔
واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے تمام مسافر بسوں، ویگنوں اور گاڑیوں میں انسانی جانوں کے لئے خطرہ بننے والے اضافی پیٹرول و ڈیزل لیجانے اور اسکی نقل و حمل پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے ۔
اس ضمن میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،اوردیگر متعلقہ حکام کوواضح ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنا لیں ۔