|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2019

کوئٹہ : دہشت گردی،شرپسندی اور ملک دشمن عناصر کے لئے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں, امن و امان میں خلل ڈالنے والوں اور ملک کی استحکام کے خلا ف جا نے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ملک میں امن اور استحکام سے ہی ترقی اور خوشحالی آئے گی، آج حکومتی اقدامات، پاک فوج، پولیس، لیویز اور دیگر سکیورٹی اداروں کی جدوجہد اور قربانیوں کی کی بدولت ہی ضلع پشین سمیت صوبہ بھر میں لوگ بلا خوف خطر رہ رہے ہیں۔

ان کی آمد و رفت، قومی شاہراہوں پر سفر، اور کاروبار پرامن ماحول میں پنپ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع پشین کے دورہ کے موقع پر منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے لوگوں کودرپیش مسائل سنے اور ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احکامات بھی جاری کیے ۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ایم ایم ایم اے کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی اصغر علی ترین کی دعوت پر پشین کا دورہ کیا جبکہ صوبائی مشیر مٹھا خان کاکڑ، اراکین اسمبلی سردار خان رند، میر گہرام بگٹی، اپوزیشن رہنما ملک سکندر ایڈوکیٹ، ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ، اکبرمینگل، اختر حسین لانگو، یونس عزیز زہری، رکن صوبائی اسمبلی و سابق گورنر بلوچستان فضل آغا بھی صوبائی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے ۔

پشین پہنچنے پر رکن صوبائی اسمبلی اصغر علی ترین، ڈپٹی کمشنر پشین اورنگزیب بادینی، ڈی پی او پشین طارق الہی مستوی، دیگر اعلیٰ حکام اور پشین کے قبائلی عمائدین اور سیاسی شخصیات نے صوبائی وزیر داخلہ اور اراکین اسمبلی کا پر تپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ اور اراکین اسمبلی کو پشتون روایات کے مطابق پشتون ثقافتی دستار بھی پہنایا گیا ۔

بعدازاں اصغر علی ترین کی جانب سے دیے گئے ظہرانہ میں صوبائی وزیرداخلہ اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں شریک قبائلی عمائدین اور دیگر سیاسی اور مذہبی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں رہنے والے قبائل اور ان کی رسم و رواج اور ثقافت کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قبائلیت بلوچستان کی سیاست کا ایک اہم جز ہے جسے رد نہیں کیا جا سکتا۔

بلوچستان کے تمام قبائل آپس میں قبائلی اور لسانی رنجشوں کو ختم کرتے ہوئے بلوچستان اور یہاں کے عوام کی تعلیم و تربیت اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ بلوچستان کے قبائلی شخصیات اور عمائدین کا امن وامان کے قیام میں کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

دریں اثنا صوبائی وزیر داخلہ نے پشین پولیس تھانہ اور لیویز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں پولیس اور لیویز کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ صوبائی وزیر داخلہ کو پولیس اور لیویز کی کارکردگی سمیت ضلع پشین میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

پولیس اور لیویز حکام اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کی ذمہ داری ان پر عائد ہے وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ غفلت اور کوتاہی برتنے یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث ہونے پر وہ پولیس اور لیویز افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کے مجاز ہیں۔ صوبائی وزیر کچلاک چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا۔

چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے سے گریز کیا جائے وہ عوام کے محافظ اور معاون بنیں تاکہ سیکیورٹی اہلکاروں پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو سکے۔