|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2019

لاہور: پاک بھارت آبی تنازعات پر بات چیت کے لیے پاکستانی انڈس واٹرکمشنر سیدمہرعلی شاہ کی سربراہی میں وفد بھارت روانہ ہوگیا۔

آبی تنازعات پر پاک بھارت مذاکرات نئی دہلی میں ہورہے ہیں، 3 رکنی پاکستانی وفد انڈس واٹرکمشنر سید مہرعلی شاہ کی سربراہی میں بھارت روانہ ہوا ہے، جہاں پاکستانی وفد دریائے چناب پر بھارتی آبی ذخائرکے منصوبوں، لوئرکلنائی اور پاکل دل منصوبوں کا معائنہ کرے گا۔

پاکستان کو آخری بار 2014 میں بھارت کے آبی منصوبوں کے معائنے کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ سال لاہورمیں پاک بھارت انڈس واٹرکمیشن کا مشترکہ اجلاس ہوا تھا جس کے بعد بھارت نے اسی سال پاکستانی وفد کو بھارت کے دورہ کی دعوت تھی جو بعد میں منسوخ ہوگئی تھی۔ سیدمہرعلی شاہ پُرامید ہیں کہ وہ مذاکرات میں کھل کر پاکستان کے موقف اور بھارت کے متنازعہ آبی ذخائر کے منصوبوں پر بات کریں گے۔

پاکستانی انڈس واٹرکمشنر نے مزید بتایا کہ پاکستان کے احتجاج اور ورلڈ بینک کی مداخلت سے بھارت کو بگلیہارڈیم کے ڈیزائن میں تبدیلی کرنا پڑی تھی، پاکستانی وفد مذاکرات کے بعد یکم فروری کو واپس لوٹے گا۔