|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2019

کوئٹہ: قومی شاہراہوں اور سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر کوئٹہ میں نوجوانوں نے ٹریفک کے قوانین سے آگاہی مہم شروع کردی۔مہم میں کم عمر رضا کاروں اورٹریفک پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی تنظیم کوئٹہ آن لائن کے رضا کاروں نے ضیاء خان، جہانگیر خان اور دیگر کی قیادت میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید ملک کے ہمراہ کوئٹہ کے جی پی او چوک پر آگاہی مہم کا آغاز کیا۔ مہم میں نوجوان رضا کاروں کے علاوہ کم عمر رضا کار بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے کار، رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کئے اور ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا۔

رضا کاروں کا کہنا ہے کہ شہر اور قومی شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور آگاہی کا نہ ہونا ہے۔ اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور دلانا تھا تاکہ وہ ہیلمٹ کے استعمال، سیٹ بیلٹ باندھنے ،زبیرا کراسنگ،لائنوں، اشاروں سمیت دیگر قوانین کی پاسداری کریں۔یہ قوانین شہریوں کی اپنی حفاظت کیلئے بنے ہوئے ہیں۔ ان کی پاسداری سے شہری نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی بھی زندگی بچاسکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بھی مہم میں حصہ لے کر رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید ملک کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے شہریوں کو ٹریفک قوانین کو شعور دلانے میں اہم کردارا دا کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کے اس کام سے بہت اچھا تاثر پڑتا ہے اور لوگ بھی بہت اچھا رسپانس دے رہے ہیں۔