|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2019

تربت :  وفاقی وزیردفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کے دورمیں مکران میں میگامنصوبوں پر پیش رفت حکومت کی ترقی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، مکران کے ساحل پر بحری جہازوں کی تعمیر ومرمت کیلئے شپنگ یارڈ کی تعمیر، سعودی حکومت کے تعاون سے10ارب ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری کامیگامنصوبہ مکران کی قسمت بدل دیں گے، شپنگ یارڈ میں روزگار کے 20 سے 25ہزار مواقع پیداہوں گے۔

مکران کے ساحلی علاقہ میں انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی جیسے اعلیٰ تعلیمی وتحقیقی ادارہ کاکیمپس قائم کیاجائے گا ، یونیورسٹی آف تربت کے بسوں کی کمی ودیگرمسائل کوبہت جلد حل کرایاجائے گا ان خیالات کااظہار انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ ایجوکیشن کے زیراہتمام تعلیم کے حق کا عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف تربت نے کم وقت میں علمی حلقوں میں ایک نمایاں مقام پیداکیاہے ، مکران کے طلباء وطالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، ضرورت اس ٹیلنٹ کواجاگرکرنے ،نکھارنے اور اس سے کام لینے کی ہے مگر سابق ادوار میں منصوبہ بندی اور وژن کے فقدان کی وجہ سے نوجوان غلط راستوں پرچل پڑے ہیں۔

موجودہ حکومت تعلیمی شعبے میں مثبت اصلاحات اوربھرپور توجہ کے ذریعے نوجوانوں کو جدید اوراعلیٰ تعلیمی مواقع مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ سٹیلائٹ اور اسپیس ٹیکنالوجی کے اس نئے دورکے تقاضوں کے مطابق انہیں تیارکرنے کی کوشش کرے گی کیونکہ روایتی تعلیم سے جدید دورکے چیلنجز سے نمٹنا اب ممکن نہیں رہا، انہوں نے کہاکہ مکران میں عالمی اہمیت کے حامل جومیگامنصوبے شروع ہونے جارہے ہیں اس کیلئے ہمارے نوجوانوں کو بھرپورتیاری کرنی ہوگی کیونکہ حکومت کی پہلی ترجیح یہی ہے کہ مکران اوربلوچستان کے نوجوانوں کو ان کی تعلیمی استعداد اور قابلیت کے مطابق انہیں کھپایا جائے ۔

ساحلی علاقے میں بڑے بڑے بحری جہازوں کی کنسٹرکشن ، بحری آئل ٹینکروں کی صفائی ومرمت کیلئے ایک بڑا شپنگ یارڈ کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی اب آخری مراحل میں ہے اس منصوبے سے روزگارکے20سے25ہزار مواقع پیداہوں گے،جبکہ سعودی عرب 10ارب ڈالرکی لاگت سے آئل ریفائنری تعمیرکرنے جارہاہے ،جبکہ سی پیک کوکامیاب بنانے اورگوادرپورٹ کوبھرپوراندازمیں آپریشنل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

ان میگامنصوبوں میں افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کیلئے نوجوانوں میں اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے انہیں P.O.Fاور ملک کے دیگر اہم اداروں میں بھیجاجائے گا ، انہوں نے کہاکہ آئل ریفائنری کیلئے وفاق صوبائی حکومت سے زمین نہیں خریدے گی نہ ہی سعودی عرب کوزمین بیچی جائے گی بلکہ پارٹنرشپ کی بنیادپر حکومت بلوچستان سے زمین حاصل کی جائے گی اور اس منصوبے میں حکومت بلوچستان پارٹنر ہوگی اور اسے ریونیو میں حصہ ملے گا۔

وفاقی وزیرمحترمہ زبیدہ جلال نے کہاکہ موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں کے ذریعے مقامی سطح پر لوگوں کو ایمپاور کرنے کاخواہاں ہے تاکہ نچلی سطح پر عوام کے نمائندے ان کے مسائل بہتراندازمیں حل کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ سماجی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم انتہائی اہمیت کاحامل ہے ،پروگریسیو سوسائٹی اور تبدیلی کیلئے بچیوں کی تعلیم ضروری ہے ،مکران میں بچیوں کی تعلیم کیلئے میں نے1982ء میں مند میں اسکول کھولا اور ابتدائی ادوارمیں ہمیں کئی مشکلات وچیلنجز کاسامنا رہا مگر مستقل مزاجی کے ساتھ ہم نے جوخدمت کی آج اس کے ثمرات واثرات پورے علاقے پرپڑرہے ہیں انہوں نے کہاکہ اسلام میں خواتین کے حقوق کابہت خیال رکھاگیاہے ،اسلام مردوخواتین کوتعلیم وترقی کے یکساں مواقع دیتاہے ۔