کوئٹہ : صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی سے لوگوں کو اپنے علاج و معالجہ میں سہولیات میسر ہوں گی جبکہ اس ضمن میں ان کو درپیش مسائل میں بھی کمی آئے گی لہٰذا صحت مند اور توانا معاشرہ تشکیل دینے میں ہی ہماری بہترین مستقبل اور خوابوں کی تکمیل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد، کمشنر رخشان ڈویڑن نصیر احمد ناصر، سی ای او چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ جان جعفر و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو ان کے دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات کی دستیابی کے لیے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔
لہٰذا اس ضمن میں فنانس ڈیپارٹمنٹ صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں اور دیگر بنیادی صحت کے مراکز میں ادویات، آلات کی فراہمی اور دیگر مالی مسائل کو حل کرنے کیلئے تواتر سے فنڈز کا اجراء کررہاہے تاکہ صحت کے یہ مراکز بلا رکاوٹ عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات باہم پہنچائیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کو نئے میڈیکل کالجوں اور ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ چلڈرن ہسپتال کوئٹہ کیلئے ایڈیشنل گرانٹ کی فراہمی کیلئے فنڈزکے اجراء کے حوالے سے بتایا گیا تاکہ نئے جدید طبی آلات کی خریداری سے معصوم بچوں کے علاج میں آسانیاں پیدا ہو سکیں۔صوبائی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے۔
صحت کے سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عارف محمد حسنی
وقتِ اشاعت : February 5 – 2019