کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے سئنیر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ جرنلسٹ ہاسنگ اسکیم کے زیر التوا قانونی معاملات کو فوری طور نمٹا کر صحافیوں کو رہائشی پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
گزشتہ روز بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد ایوب ترین جنرل سیکرٹری رشید بلوچ و دیگر سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے جرنلسٹس ہاوسنگ اسکیم کی فائل کی تکمیل میں غیر ضروری التوا پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سینئر ر ممبر بورڈ آف ریونیو بلوچستان کو بی یو جے کی بااختیار کمیٹی کے ساتھ مل کر معاملات کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور زیر التوا فائل طلب کرتے ہوئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے یقین دلایا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی انہوں نے کہا کہ ڈویژن اور ضلعی سطح پر پہلی بار کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ترقیاتی اور بنیادی سہولیات سے متعلق فوری نوعیت کے منصوبوں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد کے لئے فنڈز مختص کرکے بااختیار بنایا گیا ہے میڈیا مقامی سطح پر ان اجتماعی منصوبوں کی کوریج کرکے مفاد عامہ کے ان اقدامات کو اجاگر کرے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے صحافیوں کو گوادر سمیت بلوچستان کے تمام ڈویژن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرایا جائے گا تاکہ میڈیا کے دوست زمین پر ہونے والے اس ترقیاتی عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے اس کی مثبت رپورٹنگ کرسکیں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں نے جرنلسٹس ہاوسنگ اسکیم سے متعلق پیش رفت کے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ زیر التوا ہاوسنگ اسکیم میں مزید غیر ضروری تاخیر نہیں ہوگی۔
صحافیوں کو رہائشی پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعلی بلوچستان
وقتِ اشاعت : February 7 – 2019