کراچی: بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید کو نیب کی تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کردی۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے ملزم عبدالغنی مجید کو حوالے کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
نیب نے ملزم کی کسٹڈی کے لیے این او سی جاری کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ عبدالغنی مجید کو نیب کی تحویل میں دینا ہمارے اختیار میں نہیں ہے اور نیب چاہے تو ملزم سے جیل میں ہی تفتیش کرسکتی ہے۔
واضح رہےکہ منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ زرداری کے ایک اور قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔
اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔
تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں۔