کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ بولان میڈیکل کالج کے طالب علم یوسف پرکانی کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائے ۔
طالب علم کو خودکشی کی نہج تک پہنچانے میں ملوث ساتذہ کیخلاف محکمہ صحت تادیبی کارروائی کرے ، گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی زیر صدارت ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ یوسف پرکانی کی خود کشی کے واقعے سے قبل بھی طلباء کیساتھ پیش آنیوالے ایسے دلخراش واقعات رونما ہوئے ہیں ۔
ایسے واقعات کے تدارک کیلئے محکمہ صحت ان معاملات میں ملوث جتنے بھی اساتذہ کا نام سامنے آرہا ہے یا جن پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ان کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حالیہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم ہوچکی ہے تاہم میری گزارش ہے کہ معاملے کے محرکات سامنے لائے جائیں ۔
ایوان میں صوبائی وزیرصحت نصیب اللہ مری نے معزز رکن کو واقعہ کی شفات تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
یوسف پرکانی کے مبینہ خود کشی کے واقعے کی تحقیقات کی جائے، شکیلہ نوید
وقتِ اشاعت : February 12 – 2019