اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے جس سے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے ۔
وہ منگل کودہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔ملاقات کے دوران قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز سینیٹرز دلاور خان ، خانزادہ خان ، محمد اعظم خان سواتی ، سلیم ضیاء ،محمد جاوید عباسی ، منظور احمد کاکڑ،محمد احمد خان ،لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم کے علاوہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور ہمارے لئے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کر رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پْرامن حل چاہتا ہے اور امن ہی دیر پا ترقی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے غربت اور معاشی عدم استحکام کو ختم کرنے میں مددملے گی۔
اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بتایا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر عالمی دنیا بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے۔پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس اتحاد کے قیام سے امن کیلئے جاری کوششوں کو مزید مربوط بنانے میں مددملے گی۔
ملاقات میں موجو د سینیٹرز نے دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا اور اس کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ کو اسلامی فوجی اتحاد کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کیخلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے ، صادق سنجرانی
وقتِ اشاعت : February 13 – 2019