|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2019

 کراچی: سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں چوتھے روز بھی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال اور احتجاج جاری ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور سندھ حکومت کے درمیان مراعات سے متعلق نوٹی فکیشن کے اجراء پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، سندھ حکومت کی لاپرواہی کے باعث معاملہ سنگین صورتِ حال اختیار کرنے لگا ہے لیکن سائیں سرکار نے تاحال ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کروانے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں چوتھے روز بھی احتجاج جاری ہے۔ او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز میں کام بند ہے جس کے باعث علاج و معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کو ان کے تیماردار نجی اسپتالوں میں لے جانے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی نوٹی فکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔ دوسرے صوبوں کے برابر تنخواہ اور مراعات ملنے تک او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہیں گے جب کہ مریضوں اور تیمارادروں نے حکومت اور ڈاکٹرز دونوں کو ہی برابر کا ذمے دار قرار دے دیا ہے۔