کوئٹہ : صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح محمد بھوتانی نے کہاہے کہ میٹروپولٹین کارپوریشن میں بھرتی کرئے گئے 14سو ملازمین گھر بیٹھے تنخواہ لے رہے تھے جنہیں فارغ کردیاگیاہے ،میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل کئے گئے ۔
نئے یونین کونسلز میں آج سے ہی صفائی مہم شروع کردی گئی ہے بلکہ مذکورہ یونین کونسلز میں عوام کو بنیادی ضروریات زندگی ودیگر کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو اسی سال ان علاقوں کی ترقی پر خرچ ہونگے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح محمد بھوتانی ،صوبائی مشیر ایکسائز ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولٹن کارپوریشن میر فاروق لانگو نے سرہ غوڑگئی اور بلیلی کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل کرنے اور صفائی مہم کی آغاز کے سلسلے میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری بلدیات قمبر دشتی ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات ظفر زہری ،ڈائریکٹر ٹیکنیکل محکمہ بلدیات اختر بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات صالح محمد بھوتانی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مجھے یہ موقع بخشا ہے کہ میں کوئٹہ اور یہاں کے باسیوں کی خدمت کر سکوں یہ اللہ کی مہربانی ہماری حکومت اور صوبائی مشیر ایکسائز وٹیکسیشن ملک نعیم بازئی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ دائرہ وسیع ہوگیا ۔
انہوں نے کہا کہ چار یونین کونسل کیچی بیگ، شادنزئی ،سرہ غوڑگی اور بلیلی کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل کر دیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں مبارکباد دیتا ہوں کہ یہ علاقے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا حصہ بن گئے ہیں یہاں کے لوگوں کو وہی سہولیات میسر ہوں گے جو شہر کے لوگوں کو میسر تھی دیہی علاقہ جس کو ڈسٹرکٹ یونین کونسل کہا جاتا ہے کی آبادی 12 لاکھ اور فنڈز ساڑھے چار کروڑ روپے ہیں جبکہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آبادی دس لاکھ اور فنڈز اربوں روپے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس چیز کو ہم نے محسوس کیا ہماری کابینہ و حکومت نے محسوس کیا کہ ان کو بھی وہی سہولیات ملنے چاہیے جو شہری آبادی کو میسر ہے چار یونین کونسلز جوابھی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا حصہ بن گئے ہیں کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں یہ رقم اسی سال ان علاقوں کی ترقی کے لئے خرچ ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آج یہاں سے صفائی مہم بھی شروع ہوگئی بلکہ علاقے کے لوگوں کو جہاں کہیں بھی کچرا یا گندگی نظر آئے اس حوالے سے میٹروپولیٹن انتظامیہ کو آگاہ کرے تاکہ کچرے کو بروقت ٹھکانے لگایا جا سکے انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کے ساتھ دیہی علاقوں کو بھی مساوی ترقی دیں گے شہر کو مکمل طور پر صاف کرنے کیلئے عوام کا تعاون بھی درکار ہوگا انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن میں 1400 لوگوں کو بھرتی کیا گیا جو صرف تنخواہیں لے رہے تھے۔
گھر بیٹھے تنخواہیں لینے والے 1400 لوگوں کو فارغ کردیا گیا ہے،کروڑوں روپے ضائع ہوتے رہے مگر کام نہیں ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی نے کہا کہ آج میں یہاں کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ بہت عرصے بعد چار یونین کونسل میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل ہوگئے جس کا سہرا صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح محمد بھوتانی صوبائی سیکرٹری بلدیات قمبر دشتی کو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو علاقے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں شامل ہوگئے ہیں ان میں بھی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ہم نے الیکشن سے قبل یہاں کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کے لئے سفر جاری ہے اور امید ہے کہ ہم ان وعدوں اور اپنے اکابرین کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولٹن کارپوریشن میر فاروق لانگو نے کہا کہ آج میرے لیے فخر کا دن ہے اور باعث مسرت ہے کہ جن4 یونین کونسل میٹروپولٹن کارپوریشن کوئٹہ میں شامل کیا گیا ہے انہیں ماضی میں یکسر نظرانداز کردیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر کے لوگوں کو جو سہولیات دی جا رہی تھی وہ سرہ غوڑگی بلیلی کے لوگوں کو بھی ملے گی۔
میٹروپولیٹن کے گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے 14سو ملازمین کو فارغ کردیا گیا ، صالح بھوتانی
وقتِ اشاعت : February 16 – 2019