|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں دو ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ کودوپہر لورالائی کے علاقے ڑوب روڈ پر مجید پلازہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب سادہ کپڑوں میں ملبوس فرنٹیئر کور بلوچستان کے دو اہلکار خریداری کی غرض سے پیدل بازار کی طرف جارہے تھے۔اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمی کو ہسپتال پہنچایا جہاں زخمی راہ گیر شمس اللہ ولد عبداللہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت ایف سی لورالائی اسکاؤٹس 131 ونگ کے حوالدار علاؤ الدین اور نائیک محمد انور کے نام سے ہوئی۔ 

علاؤ الدین کا تعلق خیبر پشتونخوا کے ضلع لکی مروت جبکہ محمد انور کا تعلق ضلع کرک سے بتایا جاتا ہے۔ایس ایچ او ناصرشاہ کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل سوار تھے جنہوں نے واردات میں ٹی ٹی پستول کا استعمال کیا۔ دونوں اہلکاروں کو سروں میں گولیاں ماری گئیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سات ہفتوں کے دوران لورالائی میں دہشتگردی کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ایف سی ٹریننگ سینٹر،ڈی آئی جی پولیس آفس کے دفاتر پر خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ان واقعات میں 14 سیکورٹی اور پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طو ر پر 16 افراد شہید ہوچکے ہیں۔