اسلام آباد: پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں اپوزیشن کو مدعو نہ کرکے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ایوان صدر میں پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ عطا کیا گیا تاہم اس تقریب میں اپوزیشن کے کسی رکن کو تشویش نہیں دی گئی جس پر پیپلزپارٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے قومی اسمبلی سے اپوزیشن ارکان کو دعوت نہ دینے پر کہا ہے کہ ولی عہد کے دورے کے دوران سابق صدر آصف زرداری، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور قومی اسمبلی کے کسی رکن کو مدعو نہ کرکے حکومت نے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سعودی ولی عہد کا خیر مقدم کیا تھا لیکن حکومت نے اپوزیشن کو وفاق کا حصہ نہیں سمجھا، کون نہیں چاہے گا کہ پاکستان مستحکم ہو؟، کون نہیں چاہے گا کہ قیدی آزاد ہوں؟ اگر تمام اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا جاتا تو دنیا میں ایک مثبت پیغام جاتا۔