|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2019

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر عبدالقادر بلوچ نے وزیرا عظم کی پالیسی بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔

پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے دہشتگردی کی وجہ سے ہماری ملک کی معیشت تباہ اور ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دیں کوئی یہ نہ سمجھے کے ہم کسی کا مقابلہ نہیں کر سکتے ہم خطے میں امن ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ کئی سالوں سے دہشتگردی کا شکار رہے اور بھارت نے ہمیشہ بلوچستان میں مداخلت کر کے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہم نے کبھی بھی کسی بھی ملک کی سلامتی و خودمختیار ی پر حملہ نہیں کیا بلکہ بھارت نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے کلبھوشن یادیو کی شکل میں ایجنٹ بھیج کر یہاں سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر دہشتگردی کے کئی واقعات کئے ۔

پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے وہ کیسے خود دسرسے ممالک میں مداخلت کرسکتا ہے وقت او ر حالات کا تقاضا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور خطے میں ا من قائم کرنے کے لئے تمام ہمسایہ ممالک کے لئے امن مزاکرات کرے اگر بھارت نے حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا ۔

کیونکہ مسلمان اپنی عزت اورناموس اور ایمانی جذبے سے سر شار ہو کر بھارت کے خلاف بھر پور لڑائی کریں گے اور اس کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے ۔