کوئٹہ : صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار صالح محمد بھوتانی نے بلوچستان کے اکثر اضلاع میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے دستیاب ہیوی مشینری اسٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ صوبے بھر کے بلدیاتی ایڈمنسٹریٹر سے کہا گیا ہے کہ متواتر بارشوں سے نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کے اخراج کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس سے انسانی آبادی متاثر نہ ہو۔
” اے پی پی ” سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار صالح محمد بھوتانی نے بتایا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں بارشوں سے قبل ہی معمول کی صفائی کے ساتھ سیوریج سسٹم کی صفائی و بحالی کا کام جاری تھا تاکہ سیوریج کے مرکزی اور تمام لنک سسٹم فعال رہیں اور گندے پانی کے اخراج کے ساتھ بارشوں کا اضافی پانی بھی بغیر نقصان پہنچائے قائم سیوریج سسٹم سے گزر سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ صوبائی دارلحکومت ہونے کی حیثیت سے کوئٹہ میں جس قدر ترقیاتی کام ہونا چاہیے تھا بدقسمتی سے نہیں ہوسکا نئے ترقیاتی منصوبے تو اپنی جگہ پہلے سے موجود بنیادی سہولیات کو بحال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے کوئٹہ کے عوام مسائل کے عذاب سے دوچار ہیں لیکن یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی دارالحکومت کی اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کوئٹہ پیکج کا اعلان کیا ہے ۔
جس پر عمل درآمد سے شہریوں کو درپیش مسائل پر بڑی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی اداروں کو فعال کرکے مقامی سطح پر عوامی مسائل کا بہتر ممکن ہے اور ہماری کوشش ہے کہ میرٹ کوفروغ دیکر گڈ گورننس کا قیام عمل میں لایا جائے اور بلدیاتی اداروں کو فعال اور بااختیار بناکر عوام کو درپیش مسائل کا حل مقامی سطح پر ہی ممکن بنایا جائے۔
سیلابی صورتحال ، بلدیاتی اداروں کی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
وقتِ اشاعت : February 21 – 2019