کوئٹہ: صوبے میں ریکارڈ توڑ طوفانی بارشوں اور برف باری کی وجہ سے مشکلات سے دو چار شہریوں کی مدد اور بحالی کیلئے ایف سی بلوچستان کے زیر اہتمام ریسکیو اور ریلیف آپریشنز تسلسل سے جاری ہیں ، پشین کے علاقے کلی کربلا ، کلی ابرہیمزئی ، کلیل ملیزئی اور یاسنزئی میں سیلات میں پھنسے ہوئے خاندانوں کو سیلابی پانی سے باحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اورسیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن اور کمبل تقسیم کیئے گئے ۔
مزید براں پانی کی گزرگاہوں چھوٹے ندی نالوں ، شاہراہوں پر موجود چھوٹے پل اور بند سیوریج لائن کو کھول کر پانی کے آمد ورفت کو یقینی بنایا گیا ، پشین کے ہی علاقے سرخاب ، لمڑان اور کلی تراٹہ میں سیلاب میں پھنسے سینکڑوں خاندانوں میں ناشتہ اور خشک راشن تقسیم کیا گیا جبکہ بندرابطہ سڑکوں اور شاہراہوں کو طرح کے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔
قلعہ عبداللہ میں ریسکیو اور ریلف آپریشن کے دوران 400 سے زائد افراد کو باحفاظت نکال کر قریبی اسکولوں اور ہسپتالوں میں پناہ کیلئے منتقل کیا گیا ، متاثرین میں تیس ٹن امدادی سامان کے ساتھ گرم کپڑے اور کمبل بھی تقسیم کیئے گئے ، مزید براں خوجک ٹاپ کے دونوں جانب مصیبت میں پھنسے ہزاروں لوگوں کو کھانا اور مضبوط پناہ گاہیں فراہم کرنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ، قلعہ سیف اللہ کے علاقے کان مہترزئی اور خانوزئی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
شدید برف باری کے باعث قومی شاہراہ خانوزئی اور کان مہترزئی کے مقام پر ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند ہے ، مصیبت میں پھنسے لوگوں کو ایف سی کے جانب سے خوراک اور گرم کمبل فراہم کیئے گئے اور شاہراہ کو کھولنے کیلئے ہیوی مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے تا کہ ناگہانی آفت میں پھنسے مسافروں کو جلد سے جلد منزل کی طرف روانہ کیا جائے ۔
زیارت بازار میں بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کے بعد شاہراہ کو بحال کر دیا گیا اور زیارت سنجاوی روڈ کو کھولنے کیلئے امدادی کارروائیاں زور شور سے جاری ہیں جبکہ ہرنائی میں چپر ریپٹ کے مقام پر شاہراہ کو ٹریفک کی روانی کیلئے بحال کر دیا گیا ۔
بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، ایف سی
وقتِ اشاعت : March 4 – 2019