کوئٹہ: ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ و ایمرجنسی کوآرڈینیشن سیل کے سربراہ ڈاکٹر کمالان گچکی کی زیرصدارت نظامت صحت میں صوبہ بھر میں بارشوں اور برف باری کیحالیہ ایمرجنسی سروسز کی بروقت فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف پلائنگ آفیسر محکمہ صحت عبدالرسول زہری، اسٹاف آفیسر سیکرٹری صحت شوکت بلوچ، ایم ایس ڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید شاہ موجود تھے۔ اس موقع پر ایمرجنسی کوآرڈینیشن سیل کے سربراہ نے صوبہ بھر میں تمام اضلاع جہاں پر بارش اور برف باری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ایمرجنسی صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
اور بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام متاثرہ اضلاع کے ضلعی ہیلتھ آفیسر ان، میڈیکل سپرنٹینڈنٹس سے مسلسل رابطے میں رہ کر متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات و ضروریات کے بارے میں معلومات لی گئی، جس کی بنا پر رابطہ سیل نے ایک جامع مجوزہ منصوبہ بنایا جس کے تحت ادویات و دیگر معاونت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ، پی پی ایچ آئی بلوچستان اور تمام محکمہ صحت کے ورٹیکل پروگرامز سے معاونت کو یقینی بنانے کے لیے ادویات و دیگر ضروری طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ایس ڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ میڈیکل اسٹور ڈیپارٹمنٹ میں ڈسپوزیبل طبی آلات کی کمی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ایس ڈی سیول اسپتال واہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ سے مذکورہ طبی آلات لون کی بنیاد پر لے کر ان اضلاع میں ترسیل کو یقینی بنایا جائے گا جہاں پر ڈسپوزیبل آئٹمز کی ضرورت ہے اور بعد میں ایم ایس ڈی انھیں واپس کر دے گا۔
علاوہ ازیں ایم ایس ڈی متعلقہ اضلاع میں ہزار سے زائد سانپ کے ڈسنے سے بچاؤ کی ادویات فوری متاثرہ اضلاع میں بھجوائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورٹیکل پروگرامز اور پی پی ایچ آئی مشترکہ طور پر اضلاع کی سطح پر ادویات کی ترسیل کا فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں 32000پانی صاف کرنے کی گولیاں بجھوائی گئی ہیں ۔بعد از ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ و ایمرجنسی کوآرڈینیشن سیل کے سربراہ ڈاکٹر کمالان گچکی نے عالمی ادارہ صحت کے وفد سے بھی ملاقات کی ۔
بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات دی جارہی ہیں ، ڈاکٹر کمالان گچکی
وقتِ اشاعت : March 5 – 2019