|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2019

 لاہور: تحریک انصاف کے رکن اسمبلی صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صمصام بخاری سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر سردار محسن لخاری، ترجمان وزیراعلیٰ شہباز گل، میاں منظور احمد وٹو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے پہلے گورنر ہاؤس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، چوہدری محمد سرور اور صمصام بخاری نے ملاقات بھی کی جس میں پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

صمصام بخاری کو فیاض الحسن چوہان کی جگہ وزیر اطلاعات بنایا گیا ہے۔ ہندوؤں سے متعلق متنازع بیان دینے پر گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان نے بھارتی جنگی جنون کے خلاف تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ گائے کا پیشاب پینے اور بتوں کو پوجنے والے ہم سے نہیں لڑسکتے۔