لاہور: پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے باعث پاکستان نے بھارت میں تعینات اپنے ہائی کمشنرکو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، سہیل محمود ہفتے کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوں گے۔
پلوامہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور بھارتی الزام تراشیوں کے بعد پاکستان نے 18 فروری کو اپنے ہائی کمشنر سہیل محمودکو نئی دہلی سے مشاورت کے لیے واپس بلا لیا تھا۔ یہ اقدام بھارت کی طرف سے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلائے جانے کے بعد اٹھایا گیا تھا تاہم چند روز قبل پاکستان نے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کا عندیہ دیا تھا۔ سہیل محمود آج 8 مارچ کو واہگہ کے راستے امرتسر پہنچیں گے اور وہاں سے بذریعہ ہوائی جہاز نئی دہلی جائیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سہیل محمود 14 مارچ کو کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے ہونے والے پاک بھارت حکام کے پہلے اجلاس کی تیاریاں بھی کریں گے۔ یہ اجلاس 14 مارچ کو واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی علاقے میں ہوگا۔ اس اجلاس کے بعد 28 مارچ کو بھارتی وفد پاکستان آئے گا۔