|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2019

تربت:  وفاقی وزیر دفاعی پیدوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ سیلاب ذدگان کی بحالی اور امداد کے لیئے حکومت ضروری اقدامات اٹھارہی ہے اس معاملے میں وزیر اعظم کی توجہ بھی ہے جبکہ وزیر اعلی بلوچستان نے بھی صوبائی حکومت کی طرف سے خصوصی طور پر ریلیف کیمپ بنائے اور امدادی سامان کی فوری ترسیل کے احکامات دیئے ہیں ، وفاقی حکومت کو عوام کی تمام مشکلات کا بھر پور ادراک ہے ۔

تربت میں سیلاب متاثرین کی امداد اور حفاظت کے لیئے سب سے پہلے فوج آئی جو قابل تحسین ہے ، فوج سیلاب متاثرین کی امداد میں بھی پیش پیش رہی۔ ان خیالات اظہار انہو ں نے آسکانی بازار میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی جانب سے امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس دوران ایم پی اے لالہ رشید دشتی نے بھی متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ 

ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی جانب سے ہفتے کو آسکانی بازار تربت میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ 200خاندانوں میں خوارک،کمبل اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں ۔اس موقع پر ایم پی اے لالہ رشید دشتی ، کمشنر مکران سیدال خان لونی ،کمانڈٹ مکران اسکاؤٹ کرنل ہارون، ونگ126کے کمانڈر کرنل رازی ، میجر ابراہیم، اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد، اے ڈی سی جنرل سراج کریم بلوچ، ایکسین ایریگیشن سمیع اللہ بلوچ ،میڈم رحیمہ جلال ،نصرت اللہ رند ، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی شیر محمد جوسکی، جمال مری، محمد عظیم قومی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے کہاکہ ایم ڈی ایم اے کی طرف سے بلوچستان کے دس ہزار سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی پیکج تقسیم کیا جائے گا، اس وقت ڈیفنس پروڈ کشن اور ایف سی ساؤتھ کی طرف سے کیچ کے سیلاب متاثرین کیلئے 24 ٹرک اور 2 سی ون تھرٹی طیارہ امدادی سامان کیچ پہنچ چکے ہیں،سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر ہرممکن ریلیف فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل کا آغاز کردیاگیا ہے یہ عمل آخری متاثرہ خاندان تک جاری رہے گا جبکہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی اور ریلیف کے لیئے خصوصی توجہ دے رہی ہے وزیر اعظم نے اس معاملے میں توجہ دی ہے ، عوام مذیدامدادی سامان کا انتظار کریں بہت جلد بھاری تعداد میں انہیں سامان پہنچایا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ فوج کا کردار بلوچستان سمیت تربت کے بارش اور سیلاب متاثرین کی حفاظت سے لے کر امداد تک قابل تحسین رہی ہے سب سے پہلے فوج نے پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا اور پھر انہیں امدادی سامان پہنچائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت علاقے میں بندات اور چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور ان کی حفاظت کے لیئے ضروری اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو مشکل صورتحال سے بچانا ممکن ہوسکے ۔

انہوں نے کہاکہ خدائی آفات اور مصائب انسانی پہنچ سے دور ہیں مگر عوام زیادہ سے زیادہ کوشش کریں کہ وہ دریاؤں اور ان مقامات سے دور رہیں جہاں ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔دریں اثناء وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور ایم پی اے لالہ رشید دشتی نے کیچ کور کی حفاظتی بند کا دورہ کیا اس موقع پر ایکسین ایریگیشن سمیع اللہ بلوچ نے انہیں دریائے کیچ سے منسلک بندات کے بارے میں بریفنگ دی۔