کوئٹہ: دکی میں نامعلوم افراد نے نجی موبائل کمپنی کے ٹاور پر فائرنگ کی اور بعد میں بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنادیا۔
تفصیل کے مطابق اتوار کو دکی میں بنی کوٹ کے علاقے کلی گنڈیری میں نامعلوم مسلح افراد نے یوفون ٹاور اورمشینری پر فائرنگ کی جس سے مشنری کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں یوفون کے سگنل بند ہوگے۔ اسسٹنٹ کمشنر میران بلوچ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد مشکوک تھیلا چھوڑ کر فرارہوگئے۔
اطلاع ملنے پر لیویز موقع پر پہنچی اور مشکوک تھیلے کو دور سے چیک کیا تو اس میں سے تاریں نظر آئی جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیاگیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر چیک کیا تو تھیلے میں سے بم برآمد ہوا جسے ناکارہ بنادیاگیا۔
بم پانچ کلو وزنی اور ریموٹ کنٹرول کا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موبائل ٹاور پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے ۔معاملے کی بھتہ خوری سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دکی، مسلح افراد نے فائرنگ کر کے موبائل ٹاور کو نقصان پہنچا دیا
وقتِ اشاعت : March 11 – 2019