کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبداللہ الخالدی نے ملاقات کی، صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، سردار سرفراز ڈومکی، سردار عبدالرحمن کھیتران، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکریٹری مبین خان خلجی، دنیش کمار، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید بلوچ اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر میر رامین محمد حسنی بھی اس موقع پر موجودتھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کے مختلف شعبوں میں کویتی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، کویت کے قونصل جنرل نے کہا کہ کویت کے سرمایہ کار بلوچستان میں واٹر ٹریٹمنٹ اور ڈی سیلینیشن کے علاوہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کویت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں معاشی شعبہ میں مزید فروغ دیا جاسکتا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور سرمایہ کاری کے حصول کے لئے حکومت بلوچستان کی پالیسی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے بلوچستان بالخصوص گوادر کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور گوادر بندرگاہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے مواقعوں کی بندرگاہ کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے جنوبی علاقے متبادل توانائی پیدا کرنے کے لئے انتہائی موزوں ہیں جبکہ لائیو اسٹاک اورزراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے مرحلہ وار سرمایہ کار کانفرنس کے انعقاد کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور 18مارچ کو منرل کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری کا بھرپور خیرمقدم کرے گی اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے کویتی سرمایہ کاروں کو معدنیات، لائیواسٹاک، ماہی گیری سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ سے کویتی قونصل جنرل کی ملاقات ، بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار
وقتِ اشاعت : March 15 – 2019