کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نا اہل حکمرانوں کے خلاف ملک بھر میں ملین مارچ کے نام سے مذاحمتی تحریک شروع کر چکی ہے ۔
کیونکہ ملک میں نا اہل اور نالائق حکمرانوں نے ملکی معیشت کا دیوالیہ کر دیا ہے موجودہ حکمرانوں کو خاص مقصد کیلئے لایا گیا ہے اور ان سے مخصوص فیصلے کرانے ہیں جن میں ناموس رسالت کے قانون کو چھیڑنا اسرائیلیت کو ماننااور آئی ایم ایف سے قرض لینا شامل ہے ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ملنے والے جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور رہنماؤں سے کیا انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے روز اول سے یہ موقف اپنایا تھا اقتدارمیں بیٹھے حکمران چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں عام انتخابات میں دھاندلی کرا کر ملک کی باگ دوڑ ایسے نالائق اور نا اہل لوگوں کوسونپ دی گئی جنھیں آج تک ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی پالیسی تک سمجھ میں نہ آئی نا صرف ملک میں معاشی فقدان ہے بلکہ دیگر شعبے بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے کہتے آرہے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کو اقتدار میں لا کر ان سے و ہ فیصلے کرائے جانے کی امید لگائی ہے جو پچھلی حکومتوں میں نا ممکن تھا جن میں سر فہرست ختم نبوت کے قانون میں ترامیم کرنا اسرائیلی لابی کو خوش کرنا اور آئی ایم ایف سے قرض لینا ہے ۔
ہم حکمرانوں پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر ختم قانون کو چھیڑا گیا تو ملک میں کوئی چیز صحیح نہیں رہے گی اور اسکے خلاف جمعیت علماء اسلام ملک بھرمیں شدید احتجاج کرتے ہوئے پہیہ جام کریں گے جس کے بعد تمام تر صورت حال کو قابو کرنا پھر کسی کے بس کی با ت نہیں ہو گی اب بھی وقت ہے حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ان چیزوں کو ناچھیڑے جس سے ملک میں حالات خراب ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بات یہاں تک درست ہے کہ موجودہ حکمران کو الیکشن کے بجائے سلیکشن کے ذریعے اقتدار میں لایا گیا ہے تاکہ ان سے وہ فیصلے کرائے جائیں جو ماضی میں نہیں ہو سکے ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نا اہل اور نالائق حکمرانوں کے خلاف ملک بھر میں ملین مارچ کے نام سے مذاحمتی تحریک چلا رہی ہے 24مارچ کو وزیرستان میں ملین مارچ ،31مارچ سرگودھا میں تحفظ ختم نبوت مارچ اور آخر میں اسلام آباد میں ملین مارچ ہو گا ۔
ملک بھر میں ملین مارچ کے نام پر مزاحمتی تحریک کا آغاز کرلیا ہے،غفور حیدری
وقتِ اشاعت : March 17 – 2019