|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2019

کوئٹہ: پروفیشنل ڈگری یافتہ بے روزگار فارماسسٹس نے روزگار کی فراہمی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بلوچستان فارماسسٹس الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے الائنس کے وائس چیئرمین ڈاکٹر قطب ساگر ، ڈاکٹر نور احمد کاکڑ، ڈاکٹر فرید اچکزئی ودیگر نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہ موجودہ اور سابق حکومتوں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران محکمہ صحت میں فارماسسٹس کی تعیناتیوں کیلئے ایک بھی آسامی مشتہر نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملازمتوں کے مواقع فراہم نہ کئے جانے کے باعث سینکڑوں فارماسسٹس بے روزگار ہیں جن کی مایوسی میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہور ہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے 5سالوں کے دوران محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں میں فارماسسٹس کی تعیناتیوں کیلئے ایک بھی آسامی مشتہر نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ڈگری یافتہ فارماسسٹس شدیدمالی مشکلات سے دوچارہیں اس ضمن میں تنظیم نے میڈیا کے ذریعے حکام بالا کی توجہ بے روزگار فارماسسٹس کی جانب مبذول کرنے کی ہر ممکن کوششیں کیں تاہم کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں فارماسسٹس کی عدم تعیناتیوں کی وجہ سے نہ صرف ادویات کے غلط استعمال ہونے کا خدشہ ہے بلکہ اکثر ہسپتالوں میں مریضوں کی اموات کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بے روزگار فارماسسٹس کیلئے پانچ سونئی آسامیوں کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف بلوچستان بھر کے بے روزگار فارماسسٹس جلد کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم کرینگے ۔