اسلام آباد/ پشاور: خيبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لیے 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
خيبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی میں مبینہ بے قاعدگیوں اوردرختوں کے حوالے سے اسپیکر اسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے وزیر اطلاعات کی سربراہی میں 20 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بلین ٹری سونامی منصوبے میں کتنے درخت لگائے گئے اورمبینہ باقاعدگیوں کی شکایات پربھی کمیٹی تحقیقات کرے گی۔
کمیٹی میں وزیر ماحولیات اور اپوزیشن لیڈر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگرارکان میں مولانا لطف الرحمان، سردارحسین بابک، شیر اعظم وزیر، خوشدل خان، عنایت اللہ، سید فخرجہاں، محمد عاطف خان، عائشہ بانو، فضل شکور، ارشد ایوب، ظاہر شاہ طورو، ارباب وسیم، فضل الہی، فیصل امین اورشگفتہ ملک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بلین ٹری سونامی کا معاملہ گزشتہ دنوں اسمبلی میں اٹھایا گیا تھا جس پراپوزیشن نے معاملے کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔