|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ گزشتہ دنوں نامعلوم شرپسندوں نے مغربی بائی پاس کے علاقہ کرخسہ کے قریب کیسکوکے نئے تعمیر شدہ132KVکے 2ٹاوروں کونقصان پہنچایا ۔ 

نامعلوم شرپسندوں نے آری کے ذریعے نئی تعمیر شدہ کوئٹہ تا پشین 132KVٹرانسمیشن لائن کی فاونڈیشن(Foundations)کو کاٹ کر اُنہیں نقصان پہنچایاتھاجس کے باعث دونوں ٹاورز گرگئے ۔ تاہم اس سے کوئی علاقہ متاثر نہیں ہواہے کیونکہ یہ نئی ٹرانسمیشن لائن ہے جو کہ کوئٹہ اور پشین کے درمیان بچھائی گئی ہے ۔

اس دوران مذکورہ گرے ہوئے ٹاوروں کے قیمتی کنڈکٹرزبھی کاٹنے کے بعد چوری کرکے لے گئے ۔کیسکونے نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے گرائے گئے ٹاوروں کی ایف آئی آرکے اندراج کیلئے تحریری طورپردرخواست مذکورہ پولیس اسٹیشن کو دے دی ہے جبکہ چوری شدہ کنڈکٹروں کی ایف آئی آر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کی جاچکی ہے ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈنے متعلقہ ٹرانسمیشن لائن سے منسلک جگہ کو کلیئرکردیاہے جس کے بعد کیسکونے مذکورہ گرے ہوئے ٹاوروں پرکام شروع کردیاہے ۔