کو ئٹہ: صوبائی وزیراطلاعات میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کا معاشرے میں اہم اور فعال کردار رہا ہے مہذب معاشرے کے قیام کیلئے خواتین کو حقوق دینا ناگزیر ہے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس میں خواتین کااہم کردار ہے موجودہ حکومت نے خواتین کو حقوق فراہم کرنے کے حوالے سے قانون سازی کی ہے بلوچستان کی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی محنت اور صلاحیتوں سے اپنا لوہا منوایا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور بلیدی وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے تعلیم محمد خان لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی لالا رشید ، سول سوسائٹی کے نمائندوں ثمن احسن، ثناء درانی،امجد رشید، عائشہ ودود ،وطن یار خلجی سمیت دیگر نے غیر سرکاری تنظیم اساس پی کے اور ایوا اینڈ جی کے اشتراک سے بلوچستانی خواتین کے دن کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو معاشرے میں اہم اہمیت حاصل ہے قبائلی معاشرے میں خواتین کو ہمیشہ سے قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے آج بلوچستان کی خواتین دنیا بھر میں اپنا ایک مقام رکھتی ہیں انہون نے کہا کہ معاشرے میں خواتین اور مرد کے حقوق یکساں ہیں جب تک دنوں کو یکساں حقوق نہیں ملتے اس وقت تک معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت ہیں انہیں موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے صوبائی حکومت نے خواتین کے حق میں بلوچستان اسمبلی سے بل پاس کرا کر قانون سازی کی ہے صوبائی حکومت نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں خواتین کو نمائندگی دی جو اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں دی تھی گرلز گائیڈ کی سالانہ گرانٹ کو ڈیڑھ کروڑ سے بڑھا کر پانچ کروڑ تک کر دیاگیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے تعلیم محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ آج کا سیمینار خواتین کے لئے منعقد کرنا انتہائی خوش آئند اقدام ہے دعویٰ سے کہتا ہوں کہ سرکاری ملازمتوں میں سب سے زیادہ خواتین کی تعداد تعلیم کے شعبے میں ہے ہم نے صوبے بھر میں خواتین کو نمائندگی دی ہے ۔
صوبائی حکومت نے اس وقت بلوچستان کے طول و عرض میں پانچ ہزار مڈل اور ہائی گرلز سکول تعمیر کرائے ہیں جسمیں بہت جلد مزید اضافہ کیا جائے گا صوبائی حکومت نے خواتین کی ہراسگی اور جائیداد میں حقوق دینے کے حوالے سے مختلف قانون سازی بھی کی ہے ہماری حکومت نے ماضی کے ادوار میں سب سے زیادہ خواتین کے لئے کوٹہ مختص کیا ہے صوبہ میں پچھلے ادوار میں خواتین کو اگے آنے کیلئے کوئی مواقع فراہم نہیں کئے گئے ۔
جب کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اس حوالے سے نمایاں کرادار ادا کیا ہے سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان تیزی سے بدل رہا ہے جس میں خواتین کا اہم کردار ر ہا ہے بلوچستان کے خواتین کے حوالے سے جو تاثر دیا گیا ہے وہ انتہائی غلط ہے آج کی خواتین مختلف شعبوں میں اپنے اپ کو منوا چکی ہیں بلوچستان میں خواتین کو اہم مقام حاصل ہے قبائلی معاشرے میں خواتین کو ہمیشہ قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے ۔
تقریب کے آخر میں مختلف شعبوں میں کردار ادا کرنے والی خواتین عائشہ ودود ،سابقہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی،وی سی ایس بی کے یونیورسٹی رخسانہ جبیں،ڈی ایس پی شعبانہ ترین ،بشریٰ قمر ،قمرالنساء ایڈوکیٹ ،بیگم ثریا اللہ دین سمیت دیگر خواتین و حضرات میں شلیڈ تقسیم کئے گئے ۔
بلوچستان کی خواتین کا معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ہے، ظہور بلیدی
وقتِ اشاعت : March 22 – 2019