کوہلو : صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری ان دنوں اپنے حلقے کوہلو کے دورے پر ہیں ہفتہ کے روز انہوں نے ضلعی آفس میں عوام کے مسائل سننے اور حل کرنے کے فوری احکامات جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے خادم ہیں شہریوں کے مسائل کو فی الفور حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے بعد ازاں صوبائی وزیر نے ایف سی کینٹ میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ہے ۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک ہمیں بہت بڑی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے جن شہیدوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کردی ہیں اُن کو سلام پیش کرتا ہوں شہید کبھی مرتے نہیں ہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں میں خود شہید کا بھائی ہوں ۔
میرے بھائی شہیدمیر گل خان مری ،عالم زیب و دیگر ساتھیوں نے بلوچستان میں امن وامان قائم کرنے کی خاطر اپنی جانیں قربان کردی ہیں پہاڑوں پر رہنے والوں سے کہتا ہوں کہ واپس آکر پُرامن بلوچستان کا حصہ بن کر اپنے بچوں کو تعلیم دیے اور ملک کی ترقی میں حصہ لیں ملک دشمن عناصر آپ کے خاندانوں کو تباہ کرچکے ہیں ۔
بیرونی ممالک میں بیٹھ کر اپنے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں مگراُن سے کہتا ہوں کہ اب یہاں کے لوگ بھی تعلیم یافتہ ہوگئے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سازشیں کہاں سے ہورہی ہیں صوبے میں پاک آرمی ،ایف سی اوردیگر سیکورٹی اداروں کی کاوشوں سے امن وامان بحال ہوچکا ہے ۔
بلوچستان ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے صوبائی وزیر صحت نے پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں شہید ہونے والے حق نواز مری کے خاندان کو ایک ملازمت اور ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا ہے ۔
پہاڑوں پر گئے نوجوان واپس آکر بلوچستان کی ترقی کا حصہ بنے، نصیب مری
وقتِ اشاعت : March 24 – 2019