|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2019

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں کوئٹہ شہر کی موجودہ سڑکوں کی بحالی اور بہتری کے لئے جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جس کا مقصد ٹریفک کے مسائل کا حل اور سڑکوں کو خوبصورت بنانا ہے۔

ماضی میں صوبائی دارالحکومت کی ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرنے میں سنجیدگی اور منصوبہ بندی کا فقدان رہا ہے جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں، وزیراعلیٰ نے ان سڑکوں کی خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کی بہتری کا پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ان سڑکوں میں ارباب کرم خان روڈ، میکانگی روڈ، مشن روڈ، لنک سریاب روڈ تا سیٹلائٹ ٹاؤن، مسجد روڈ اور کاسی روڈ شامل ہیں، ارباب کرم خان روڈ کی کارپٹنگ، توسیع، فٹ پاتھ اور لائننگ کے منصوبے کا تخمینہ لاگت 8.244ملین روپے، مشن روڈ کی کارپٹنگ، توسیع، فٹ پاتھ اور لائننگ کے منصوبے کاتخمینہ لاگت13.323ملین روپے، لنک سریاب روڈ تا سیٹلائٹ ٹاؤن کی کارپٹنگ، فٹ پاتھ، لائننگ کے منصوبے کا تخمینہ لاگت 77.904 ملین روپے، غالب روڈ کی کارپٹنگ، فٹ پاتھ اور لائننگ کے منصوبے کاتخمینہ لاگت9.368ملین روپے ہے۔

منصوبے میں جناح روڈ، زرغون روڈ، وائٹ روڈ ، انسکمب روڈ، جیل روڈ، گلستان روڈ، سپنی روڈ، شاہراہ اقبال قندھاری بازار ،سرکلر روڈ، علمدار ر وڈ اور جعفر خان جمالی روڈ کی مجموعی بہتری بھی شامل ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 153.832ملین روپے ہے۔