کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ نے گزشتہ روز سریاب کے ورکرز ویلفیئر بورڈ سکول اور پولی ٹینک کالج کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر قومی نابرابری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے سریاب سمیت دیگر علاقوں کو ہر شعبے میں نظر انداز کیا جا رہا پارٹی بلوچستان میں تعلیم کا فروغ چاہتی ہے کوئٹہ کی سب سے قدیم گنجان بلوچ آبادی کو نظر انداز اور دانستہ طور پر پسماندہ رکھا گیا ہے تاکہ بلوچ قوم ترقی نہ کر سکے انسانی بنیادی ضروریات کا فقدان ہے ۔
سریاب ‘ ژڑخو ‘ سنجدی ‘ مارواڑ ‘ میاں غنڈی ‘ ہنہ اوڑک سمیت دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں نہ ہونے کے برابر ہیں اب ہماری کوشش ہے کہ بلا رنگ و نسل ‘ زبان عوام کی خدمت کریں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں تعصب اور نفرت کی بیخ کنی کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں سریاب سمیت دیگر علاقوں کو نظر انداز کرنے پر خاموش نہیں کریں گے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز بلند کرتے رہیں گے عوام کی خدمت ہماری ترجیحات میں شامل ہے تعلیم ‘ صحت کے سہولیات کی فراہمی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے قلم کو ہتھیار بنا کر لوگوں کی ترقی کی جانب گامزن کریں گے ۔
پولی ٹیکنیک کالج کے ملازمین کے مسائل پر انہوں نے کہا کہ کالج کی اہمیت و افادیت زیادہ ہو چکی ہے معاشرے میں ہنرمندی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے ضروری ہے حکومت وقت میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ملازمین کی بلاوجہ تبادلے کر کے ذہنی کوفت میں مبتلا نہ کرے بلوچستان میں جہاں بھی پولی ٹیکنیک کالجز ہیں انہیں اضلاع کے نوجوانوں کو وہاں پر ملازمتیں دی جائیں ۔
اس موقع پر سابق ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر میر عزیز اللہ شاہوانی ‘ حاجی ابراہیم پرکانی ‘ اسد سفیر شاہوانی ‘ ثناء مسرور بلوچ ‘ حاجی عبدالحق پرکانی ‘ حاجی عالمگیر مینگل ‘ عبدالناصر دہوار ‘ شاہنواز کشانی ‘ لیاقت کھیازئی و دیگر بھی موجود تھے ۔
قومی نا برابری کا خاتمہ تعلیم سے ممکن ہے،آغا حسن
وقتِ اشاعت : March 28 – 2019