|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایف سی نے چھاپہ مار کر پنجاب اور خیبر پشتونخوا کے آٹھ مغویوں کو بازیاب کرالیا۔ 

اغوا میں ملوث پانچ ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے بارکھان کے مختلف علاقوں میں بین الصوبائی اغوا کار گروہ کے خلاف آپریشن کیا گیا۔جس کے دوران پانچ اغواء کاروں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیاگیا جس میں کلاشنکوف اور مختلف اقسام کی رائفلیں شامل ہیں۔ 

مغویوں کے قبضے سے دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو بازیاب کرایا گیا جن کا تعلق پنجاب اور خیبر پشتونخوا سے تھا۔ اغواء کار لوگوں کو ملازمت کا جھانسا دے کر انہیں بارکھان بلواتے تھے اور انہیں قید کرکے ورثاء سے تاوان مانگتے تھے۔