کابل: افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بلخ میں طالبان جنگجوؤں نے گشت کرنے والی پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
صوبائی پوليس کے ترجمان عديل شاہ عديل نے میڈیا کو بتايا کہ پير اور منگل کی درميانی شب ضلع شولگارہ ميں ایک راکٹ داغا گیا جس پر مقامی چیک پوسٹ کے پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو طالبان جنگجوؤں نے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا 3 گھنٹوں تک مقابلہ کیا اور جنگجوؤں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، جنگجو اپنے زخمی ساتھیوں کو بھی ساتھ لے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ مقابلے کے دوران طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔
طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے جب کہ افغان حکومت نے بھی حملے میں مارے جانے والے طالبان جنگوؤں کی تعداد اور تفصیلات فراہم نہیں کی ہے، دو روز قبل قندھار اور غزنی کی پولیس چیک پوسٹوں پر طالبان جنگجوؤں کے حملے میں مجمو عی طور پر 13 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔