اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے دست راست اویس مظفرٹپی کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے دست راست اویس مظفر ٹپی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اویس مظفر ٹپی کو انٹرپول نے دبئی سے گرفتار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرپول نے گزشتہ رات اویس مظفر ٹپی کو گرفتار کیا تاہم انہیں جلد پاکستان منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب اویس مظفر ٹپی نے گرفتاری کی تردید کردی ہے، دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اویس مظفر کا کہنا تھا کہ میں گرفتار نہیں ہوا، میری گرفتاری کی جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں، میں دبئی میں بالکل خیریت سے ہوں۔
واضح رہے کہ اویس مظفر ٹپی پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین کے جعلی کاغذ بناکر بیچنے کا الزام ہے۔