|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2019

کوئٹہ /اسلام آباد :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ نے ہائیر ایجوکیشن کے چیئرمین کو گزشتہ دنوں درخواست دی تھی کہ سریاب کوئٹہ میں پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بزرگ سیاستدان ‘ بلوچ قومی رہبر سردار عطاء اللہ خان مینگل کے نام سے جدید لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے اس پر ہائیر ایجوکیشن کے ارباب و اختیار نے لائبریری کا قیام کی یقینی دہانی کرا دی اور زمین کی فراہمی سے متعلق جلد صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا ۔

دریں اثناء آغا حسن بلوچ نے گزشتہ روز سوئی سدرن کے جنرل منیجر سے ملاقات کی اس موقع پر عطاء اللہ محمد شہی ‘ صفیح بلوچ ‘ گل میر سمالانی اور دیگر بھی موجود تھے جنرل منیجر کو بتایا گیا کہ کوئٹہ کے گردونواح کے علاقے مارگٹ ‘ سنجدی ‘ ژڑخو ‘ زرغونہ کاکڑ سمیت دیگر گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔

ان علاقوں میں گیس کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں جس پر جی ایم گیس نے کہا کہ رواں سال میں ان علاقوں کا سروے مکمل کر کے گیس کی فراہمی کی کوشش کریں گے آغا حسن بلوچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سریاب سمیت دیگر علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں گے انتخابات کے وقت عوام سے جو وعدے کئے ان پر پورا اترنے کیلئے مکمل کوشش کر رہے ہیں ۔

معاملات کو بہتری کی طرف لانے ‘ انسانی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے ‘ بلا رنگ ونسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہماری اولین ترجیحات میں تعلیم ‘ صحت ‘ روزگار کی فراہمی شامل ہیں جن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پارٹی کا محور و مقصد ہی عوام کی خدمت کرنا ہے ۔