|

وقتِ اشاعت :   April 4 – 2019

کوئٹہ : بلوچستان کے محکمہ مواصلات وتعمیرات میں 361ملازمین کے جعلی اور غیر قانونی ہونے کا انکشاف،محکمے نے ان ملازمین کی برطرفی کیلئے چیف سیکرٹری بلوچستان کو سمری بھجوادی ان ملازمین کو بھرتی کرنے پر محکمہ کے ایک سیکشن افیسر سمیت 23ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان کے محکمہ مواصلات وتعمیرات کے کوئٹہ کے دفاتر میں2011سے 2013تک 387 ملازمین بھرتی ہوئے تھے جب نیب بلوچستان نے ان ملازمین کی جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ ان 387ملازمین میں سے 361ملازمین جعلی اور غیر قانونی ہیں ۔

نیب بلوچستان نے جعلی اور غیر قانونی طریقے سے بھرتی کرکے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام میں محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ایک سیکشن افیسر سمیت 23ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں مقدمہ دائر کردیا جو ابھی تک زیر سماعت ہے ۔

محکمہ مواصلات وتعمیرات کے حکام نے ان 361ملازمین کو شو کاز نوٹس دیکر ذاتی شنوائی کی اور ان ملازمین کو جعلی قرار دیکر ملازمت سے برطرف کرنے کیلئے چیف سیکرٹری کو سمری ارسال کردی ہے اس سلسلے میں سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے ان بھرتیوں کے حقائق جاننے کیلئے صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے