اسلام آباد: ماڈل کورٹس میں پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے ، ماڈل کورٹس کی جانب سے بلوچستان کے دو اضلاع میں قتل اور منشیات کے تمام مقدمات کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطا بق بلوچستان کے دو اضلاع زیارت اور ہرنائی میں تمام قتل اور منشیات کے مقدمات کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد دونوں اضلاع میں کوئی قتل یا منشیات کا مقدمہ زیر سماعت نہیں،پاکستان کی 116 ماڈل کورٹس نے مجموعی طور پر 135 مقدمات کے فیصلے کیے جن میں قتل کے 61 اور منشیات کے 74 مقدمات کے فیصلے شامل ہیں۔
تمام عدالتوں نے کل 502 گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ چھ مجرمان کو سزائے موت اور نو کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ دیگر ملزمان کو کل 142 سال تین ماہ اور 15 دن قید کا حکم سنایا گیا۔ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر ماڈل کورٹس اسلام آباد کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے مجرمان کو 92 لاکھ اور 67 ہزار روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
ماڈل کورٹس میں مقدمات کی فوری سماعت کا سلسلہ جاری ہے،سہیل ناصر کے مطابق عوام الناس نے مقدمات کی تیز سماعت کو ایک بہت بڑی تبدیلی قرار دیا ہے۔ مقدمات کی جلدی سماعت اور فیصلوں میں وکلا کا تعاون مثالی نظر آ رہا ہے۔
ماڈل کورٹس کا بلوچستان کے دو اضلاع میں قتل اور منشیات کے تمام مقدمات کا فیصلہ
وقتِ اشاعت : April 6 – 2019